اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بنگلادیش میں دہشتگرد گروہ داعش کے لئے کام کرنے والا برطانوی شہری گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس کے مطابق یہ برطانوی شہری بنگلادیش کے باشندوں کو داعش میں بھرتی کررہا تھا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش کے کرمنل انٹیلی جنس ڈویژن کے جوائنٹ کمشنر منیر الاسلام نے بتایا کہ لندن کا رہائشی سمیع الرحمان رواں برس فروری میں بنگلا دیش آیا جس کا مقصد دہشتگرد گروہ داعش اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والی جبۃ النصرہ کے ساتھ کام کرنے کے لیے بنگلا دیشی لوگوں کو راغب کرنا تھا۔
ڈھاکا میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران منیر الاسلام نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے برطانوی شہری کے منصوبے میں بنگلا دیش سے ایک جنگجو ٹیم تیار کرکے اسے شام بھیجنا تھا۔
پولیس کے مطابق سمیع الرحمان نے اپنے اس جرم کا اقرار کرلیا ہے، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ اپنے مقاصد میں کامیاب بھی ہوا تھا یا نہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم بنگلا دیش اور میانمار میں عسکریت پسندوں کا ایک نیٹ ورک بھی قائم کرنا چاہتا تھا۔
برطانیہ میں پیدا ہونے والے سمیع الرحمان کے والدین کا تعلق ڈھاکا سے ہے۔
سمیع الرحمان نے پولیس کو بتایا کہ اس نے ستمبر 2013 میں جبۃ النصرہ میں شمولیت اختیار کی اور گزشتہ دسمبر تک اس گروپ کے ساتھ لڑائی میں حصہ لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سمیع نے بنگلا دیش آمد سے قبل دیگر ممالک کا بھی دورہ کیا تاکہ وہاں سے داعش کے لیے بھرتیاں کر سکے۔
پولیس کے مطابق سمیع نے بنگلا دیش آمد سے قبل ایک نوجوان سے فیس بک کے ذریعے دوستی بڑھائی۔
بنگلہ دیش میں داعش کی سرگرمیوں کے حوالے سے اس وقت ریڈ الرٹ جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲